Live Updates

پنجاب میں سیلاب سے 2 ہزار سے زائد سکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے

تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے فلڈ ریلیف کیمپوں میں خیمہ سکول قائم کئے جارہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی جلد ازجلد بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 ستمبر 2025 19:49

پنجاب میں سیلاب سے 2 ہزار سے زائد سکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 08 ستمبر 2025ء ) وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے 2 ہزار سے زائد سکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے فلڈ ریلیف کیمپوں میں خیمہ سکول قائم کئے جارہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لٹریسی کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ناخواندگی کے چیلنج سے نبٹنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں۔

غیر رسمی تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں اور ڈیجیٹل لٹریسی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب کے تعلیمی شعبے کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے 2 ہزار سے زائد سکولوں کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ ان حالات میں پنجاب حکومت کی کوشش ہے کہ متاثرہ اضلاع کے بچوں کا تعلیمی سفر کسی صورت نہ رُکے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فلڈ ریلیف کیمپوں میں خیمہ سکول قائم کر کے تعلیمی سلسلہ کی بحالی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سیلابی علاقوں میں قائم خیمہ سکولوں میں معصوم بچوں کی آنکھوں میں عزم و ہمت اور یقین دیکھا ہے۔ ان بچوں کے اعتماد نے ہمارے حوصلے بھی بڑھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں یہی اعتماد قائم رہا تو کسی کا بھی تعلیم کا خواب ادھورا نہیں رہے گا۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دوسری جانب کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے پنجاب کے 7 اضلاع کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان کے 5 ٹرک پہنچ گئے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی نے امدادی سامان کے پانچ ٹرک پی ڈی ایم اے کے سپرد کئے ۔

کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے امدادی سامان 10,000 شیلٹر کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز پر مشتمل ہے۔ کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے سیلاب متاثرین کو خیمے،سولر پینلز، ایل ای ڈی،کچن سیٹ،کمبل اور دیگر اشیاءکا تحفہ شامل ہیں۔ قصور، جھنگ، خانیوال، حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سیلاب متاثرین کو امدادی سامان دیا جائے گا ۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات