برہان وانی تحریک آزادی کشمیر کی علامت، وہ صرف ایک مجاہد نہیں ایک نظریہ ہیں ،وزیر اطلاعات پیر سید مظہر شاہ

منگل 8 جولائی 2025 17:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ برہان وانی تحریک آزادی کشمیر اور مزاحمت کی علامت ہیں،وہ صرف ایک مجاہد نہیں ایک نظریہ ہے،کشمیر کا ہر جوان برہان وانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما تحریک مزاحمت کے سرخیل برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔

وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ خوش قسمت ہے وہ ماں جس نے برہان وانی جیسے عظیم سرخیل کو جنم دیا،برہان وانی اپنے خون سے ایک طرف تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی طاقت اور جلا بخش گئے اور دوسری طرف عالمی سطح پر بھارتی حکومت کابھیانک ،مکروہ،سیاہ اور قبیح چہرہ بھی عیاں کر گئے، برہان مظفر وانی نے شعور جگایا، وہ نہ جھکا، نہ رکا، نہ بکا، ظلم کے ہر وار پر اس کی مسکراہٹ اور عزم صمیم ہی جواب تھا۔

(جاری ہے)

پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے تنگ آ کر برہان مظفر وانی نے صرف 15 برس کی عمر میں جہاد شروع کیا اور اپنی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی دی، اپنے حصے کی شمع جلا کر جامِ شہادت نوش کیا۔وہ اپنے عزم کی وجہ سے تحریک آزادی کے عظیم مجاہد بن گئے۔ برہان وانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے آزادی کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کی والدہ محترمہ اور والد محترم کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کے بھائیوں،بہنوں اور شہید حریت پسندوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔