پشاور،کوچی بازار میں گھر میں آتشزدگی سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

منگل 8 جولائی 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)پشاور کے کوچی بازار میں منگل کی صبح ایک گھر میں آگ لگنے کے باعث 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے اپنے بیان میں کہا کہ 6 افراد کو شدید زخمی حالت میں بچا کرہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان میں سے 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جاں بحق ہونے والوں میں رفیق، شہناز، ریاض اور اٴْن کی اہلیہ شامل ہیں۔

بلال احمد فیضی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی تھی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں تھیں۔انہوں نے بتایا کہ آگ نزدیکی بازار سے ملحق ایک مکان میں لگی تھی، جہاں سے ابتدائی طور پر 3 افراد کو زندہ بچا کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

امدادی کارروائیوں کے دوران شدید گرمی اور شعلوں کے باعث 2 فائر فائٹرز بیہوش ہو گئے، جنہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

آگ پر قابو پانے کے عمل میں 6 فائر وہیکل اور 40 اہلکاروں نے حصہ لیا، ریسکیو حکام کے مطابق آگ چونکہ گنجان آباد علاقے میں لگی تھی، جہاں گلیاں انتہائی تنگ تھیں، اس لیے امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آئیں، تاہم طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔پشاور میں حالیہ مہینوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو عام طور پر انسانی غفلت، ناقص انفراسٹرکچر، غیر محفوظ رہائشی و تجارتی عمارات اور موسمی عوامل کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

اکتوبر 2024 میں پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایک ٹشو پیپر فیکٹری میں آگ لگ گئی تھی، جسے بجھانے میں 26 گھنٹے سے زائد وقت لگا، اس کارروائی میں 130 فائٹرز اور 31 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔ریسکیو ٹیم نے بتایا تھا کہ فیکٹری میں بڑی مقدار میں پلاسٹک کا ذخیرہ موجود تھا، جو آگ میں پگھل گیا اور شعلوں کو قابو پانے سے باہر کر دیا۔جون 2024 میں پشاور کے نوشہرہ پھاٹک علاقے میں آگ لگنے سے کم از کم 80 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں، جن میں زیادہ تر پرانے کپڑے، جوتے اور پردے فروخت کیے جاتے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ ایک کیبن سے شروع ہو کر قریبی دکانوں اور ایک بجلی کے ٹرانسفارمر تک پھیل گئی، پشاور، نوشہرہ، خیبر اور چارسدہ سے فائر فائٹرز نے 6 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تقریباً 80 ہزار لیٹر پانی اور فوم کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔اس آپریشن میں تقریباً 110 اہلکار شریک ہوئے تھے، حکام کے مطابق تیز ہوا کے باعث لکڑی کے کیبن میں آگ لگی تھی ، جو 3 مارکیٹوں تک پھیل گئی تھی