ایدھی کا مشن انسانیت کی خدمت ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گا ، مریم نواز

منگل 8 جولائی 2025 22:42

ایدھی کا مشن انسانیت کی خدمت ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گا ، مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی آٹھویں برسی کے موقع پر اٴْنہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی کا نام تا قیامت زندہ رہے گا اور ان کی روشن شمع سے آج بھی لاکھوں لوگوں کی زندگیاں منور ہو رہی ہیں۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسے لوگ انسانیت کی معراج اور معاشرے کی خوبصورتی ہیں۔

برسوں تک لالچ اور ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت ان کی بے مثال انفرادیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کا مشن فلاحِ انسانیت تھا، اور آج بھی ان کی شخصیت ہر فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دنیا بھر میں ایدھی صاحب کا نام عزت، احترام اور خدمت کی علامت بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانوں کی بے لوث خدمت کرنے والے افراد اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ بندوں میں شمار ہوتے ہیں، اور عبدالستار ایدھی اس کی سب سے روشن مثال ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایدھی کی خدمات کو یاد رکھنا ہی نہیں، بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ "ہم نے پنجاب میں خدمتِ انسانیت کے جذبے کو آگے بڑھاتے ہوئے ’ہمت کارڈ‘، ’راشن کارڈ‘ اور ’دھی رانی پروگرام‘ جیسے اقدامات کا آغاز کیا ہے، جو انہی اعلیٰ انسانی اقدار کا تسلسل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عبدالستار ایدھی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ اگر نیت خالص ہو تو ایک فرد بھی پوری دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔