نوشہرہ، عدالت نے محمد فارمیسی کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی غیر قانونی کارروائی کو غیر آئینی ،قانون سے متصادم قرار دیدیا

منگل 8 جولائی 2025 19:50

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) نوشہرہ کی مقامی عدالت نے محمد فارمیسی، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی غیر قانونی کارروائی کو غیر آئینی اور قانون سے متصادم قرار دے دیا۔عدالت نے غیر قانونی آپریشن جو اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر شیر زمان ڈوگر،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ آصف اقبال کی زیر نگرانی کیا گیا تھاکو فوری طور پر کالعدم قرار دیا اور محمد فارمیسی کے حق میں سٹے آرڈر دوبارہ جاری کیا۔

اس سلسلے میں نوشہرہ کے سینئر و معروف قانون دان اور محمد فارمیسی کے لیگل ایڈوائزر حاجی محمد ریاض خان ایڈووکیٹ نے اپنے دیگر وکلا ساتھیوں محمد نعیم خان ایڈووکیٹ ،کاشف خان ایڈووکیٹ اور عثمان خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ نوشہرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ 2015کے تحت قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ ایک خودمختار ادارہ ہے اور اس ادارے کے تمام معاملات چلانے کے لیے بورڈز آف گورنرز ہوتا ہے اور کسی بھی خودمختار ادارے کا بورڈ آف گورنرز بھی خودمختار ہوتا ہے نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے محمد فارمیسی کے خلاف کاروائی کرکے نہ صرف عدالتی حکم عدولی کرکے توہینِ عدالت کی مرتکب ہوئی ہے بلکہ ایم ٹی آئی ایکٹ 2015کو بھی اپنے پائوں تلے روند ڈالا ہے انہوں نے مزید کہا کہ آگر ضلعی انتظامیہ کو محمد فارمیسی پر کوئی اعتراض ہوتا تو ضروری تھا کہ وہ قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کی انتظامیہ اور قاضی میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنرز کو اعتماد میں لے کر یا ان کے زریعے مسلہ حل کرنے کی کوشش کرتی لیکن نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے نہ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کو آگاہ کیا اور نہ عدالتی حکم امتناعی کو خاطر میں لائی اور چند شرپسند عناصر کے دبا میں آکر محمد فارمیسی کے خلاف کاروائی شروع کردی حالانکہ محمد فارمیسی انتظامیہ کو عدالت کی جانب سے 15جولائی تک حکم امتناعی جاری کی گئی تھی اور ٹھیک 4جولائی کو ضلعی انتظامیہ نے محمد فارمیسی کے خلاف غیر قانونی کاروائی کی جو کہ افسوس ناک تھا ،انہوں نے کہا کہ عدالت نے اپنے حکم میں واضح طور پر ضلعی انتظامیہ، AC، AAC، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ محمد فارمیسی کے خلاف کسی بھی قسم کی مداخلت، زبردستی یا کارروائی سے باز رہیں، کیونکہ یہ عمل عدالت کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہوگی۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ محمد فارمیسی قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کی انتظامیہ کی ایک قانونی اور باقاعدہ کرایہ دار ہے جو اسپتال انتظامیہ کو باقاعدہ ماہانہ کرایہ ادا کر رہا ہے، اور عدالت کے واضح حکم کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے زبردستی کی گئی کارروائی باعثِ افسوس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عدالتی احکامات کا احترام کرے اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنائیں تاکہ قانونی کی بالادستی قائم ہو۔