کالام میں شدید احتجاج، مقامی وسائل پر حکومتی مداخلت بند کی جائے، مظاہرین کا مطالبہ

منگل 8 جولائی 2025 19:50

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)سوات کی وادی کالام کے عوام نے صوبائی حکومت اور تحصیل بحرین انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں اریانئی، پشمال، اتروڑ، گبرال اور مٹلتان سمیت مختلف علاقوں سے سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی اور تحصیل چوک کالام میں دھرنا دے کر مین شاہراہ کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا۔احتجاجی مظاہرے سے سابق تحصیل ناظم حبیب اللہ ثاقب، صدر ٹریڈ یونین ملک راحت باچا، ملک حسن زیب، سابق ناظم ضیا الحق، وزیر الملک، حافظ ابن روزی، وی سی چیئرمین حافظ یحی، شمشیر شاہد و دیگر رہنماں نے خطاب کیا۔

مظاہرین نے الزام لگایا کہ تحصیل انتظامیہ مقامی باشندوں کو ان کے جنگلات، دریاں اور مشترکہ اراضی سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بحرین کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ اے سی نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں بلکہ بلاجواز گرفتاریاں بھی عمل میں لا رہے ہیں، جس سے مقامی افراد کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔

مقررین نے کہا کہ بحیثیت مقامی باشندگان ان کے قدرتی وسائل پر مالکانہ حقوق کو تسلیم کیا جائے اور تحصیل بحرین انتظامیہ فوری طور پر معافی مانگے۔مقررین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تحصیل و ضلعی دفاتر کے سامنے دھرنے دیے جائیں گے۔