غزہ پر دوحہ مذاکرات میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، فلسطینی ذرائع

امریکی فریق اسرائیل پر جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے دبا ئوڈالے گا،رپورٹ

بدھ 9 جولائی 2025 12:24

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حوالے سے حماس اور اسرائیلی وفود کے درمیان بالواسطہ مذاکرات دوحہ میں دوبارہ شروع ہوئے۔ ذرائع نے کہا کہ دوحہ میں مصری اور قطری ثالثوں کی موجودگی میں دونوں فریقوں کے درمیان بالواسطہ بات چیت دوحہ میں اس تجویز پر عمل درآمد کے طریقہ کار کے حوالے سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کے انخلا، امداد کے داخلے اور جنگ بندی کے طریقہ کار پر بات چیت پر مرکوز ہیں۔ ذرائع نے مذاکرات کو مشکل قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ حماس ایک معاہدے تک پہنچنے میں سنجیدہ ہے اور امید ہے کہ امریکی فریق اسرائیل پر جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے دبا ئوڈالے گا۔ یاد رہے حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا ایک نیا دور اتوار کی شام قطر میں شروع ہوا جس کا مقصد جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف کی تجویز پر مبنی ہیں۔