سیکورٹی خدشات، کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل

10 جولائی کو کوئٹہ سے ٹرین سروس معطل رہے گی ، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس روانہ نہیں ہوسکے گی جبکہ کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل بھی روانہ نہیں ہوگی، ریلوے انتظامیہ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 جولائی 2025 13:05

سیکورٹی خدشات، کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09جولائی 2025)سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس معطل کردی گئی، ریلوے انتظامیہ کے مطابق 10 جولائی کو کوئٹہ سے ٹرین سروس معطل رہے گی، ریلوے انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس حفاظتی انتطامات کے پیش نظرمعطل رہے گی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس روانہ نہیں ہوسکے گی جبکہ کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل بھی روانہ نہیں ہوگی۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج ایک روز کیلئے مکمل کرفیو نافذ کردیا گیاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان کے بیشترعلاقوں میں ہرقسم کی نقل وحرکت پرمکمل پابندی ہوگی۔گاڑیوں کو سیکیورٹی فورسزکی گاڑی سے 50 میٹردورروکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر فضل ودود کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرکرفیونافذکیا ہے۔

خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بولان کے مقام پر کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیاتھا۔ بتایا گیا تھا کہ ٹرین بولان میں پیروکنری کے علاقے سے گزری تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی تھی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ٹرین 8 نمبر ٹنل میں رکی تھی۔ٹرین کو پٹری پر دھماکہ سے ڈی ریل کیا گیاتھا۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں 500 کے قریب مسافر سوار تھے۔بعدازاں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل کرلیا گیا تھا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں بشمول عورتوں اور بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا تھا اور موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بازیاب کرائے گئے بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اس سے پہلے 190 مسافروں کو بازیاب کروایا جاچکا تھا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنیس آپریشن کے دوران انتہائی احتیاط اور مہارت کا مظاہرہ کیا گیا اور معصوم جانیں بچائی گئیں تھیں۔ بعد ازاں کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کردی گئی تھی ۔

ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس کی معطلی جاری رہے گی۔ ضلع کچھی میں ریلوے ٹریک کی مرمت سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہوگی۔دوسری جانب ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ عمران حیات کاکہناتھاکہ کچھی میں پیروکنری کے قریب ٹریک کی مرمت کیلئے ابھی تک سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی تھی۔ ہماری ٹیمیں مچھ اور مشکاف میں موجود تھیں۔ٹریک کی مرمت کا کام سکیورٹی کلیئرنس کے بعد شروع ہوگا پہلے جعفرایکسپریس کو ٹریک سے ہٹایا جائے گا پھر اس کی مرمت ہو گی۔