اداکارہ ذہین طاہرہ کی برسی بدھ کو منائی گئی

بدھ 9 جولائی 2025 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) ٹیلی ویژن اور فلم کی معروف اداکارہ، پروڈیوسر اور ہدایتکارہ ذہین طاہرہ کی برسی بدھ 9جولائی کو منائی گئی ۔انہوں نے فلم کے لیے بھی کام کیا اور اداکاری کے علاوہ پروڈیوسر اور ہدایتکارہ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ ذہین طاہرہ نے ریڈیو پاکستان اور اسٹیج کےلئے بھی کام کیا۔

ذہین طاہرہ 1930 میں لکھنؤمیں پیدا ہوئیں اور 45 سال تک ٹیلی ویژن سے منسلک رہیں ۔ انہوں نے 700سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ذہین طاہرہ پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ میں انتہائی منجھی ہوئی اداکارہ تسلیم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے 69، 70اور 80کی دہائیوں میں پاکستان ٹیلی ویژن کراچی مرکز سے بے شمار ڈراموں میں انتہائی جاندار کردار ادا کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چند ٹی وی سیریز کی ہدایتکاری بھی کی۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے ڈرامہ’’ خدا کی بستی ‘‘میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ذہین طاہرہ نے کئی دہائیوں تک پی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور دور حاضر میں وہ پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینئر اور بزرگ اداکارہ مانی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ ذہین طاہرہ نے عروسہ، دستک، دیس پردیس، کالی آنکھیں، کہانیاں، وقت کا آسمان، ماسی اور ملکہ، راستے دل کے، کیسی ہیں دوریاں، شمع، دل دیا ،دہلیز، چاندنی راتیں، آئینہ اور تجھ پے قربان سمیت کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیا۔

شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں انہیں تمغہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت مختلف ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ۔ ذہین طاہرہ 9جولائی 2019 کو 88سال کی عمر میں وفات پا گئیں اور کراچی کے پاپوش نگر قبرستان میں مدفون ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔