بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جون کے دوران سالانہ بنیاد پر 7.9 فیصد اضافہ،حجم 3.4 ارب ڈالر رہا،سٹیٹ بینک

بدھ 9 جولائی 2025 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر جون 2025ء کے دوران 3.4 ارب امریکی ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں جو کہ گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں 7.9 فیصد زیادہ ہیں۔بینک دولتِ پاکستان کے مطابق مالی سال 2024-25ء کے دوران مجموعی ترسیلات زر 38.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ مالی سال 2023-24ء میں یہ رقم 30.3 ارب ڈالر رہی تھی اس طرح رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر 26.6 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

جون 2025ء میں ترسیلات زر زیادہ تر درج ذیل ممالک سے موصول ہوئیں جن میں سعودی عرب 823.2 ملین امریکی ڈالر،متحدہ عرب امارات 717.2 ملین امریکی ڈالر،برطانیہ 537.6 ملین امریکی ڈالر اور امریکا سے 281.2 ملین امریکی ڈالر ہیں ۔یہ اضافہ سٹیٹ بینک کے پالیسی اقدامات، بینکنگ چینلز کے ذریعے ترسیلات کی حوصلہ افزائی اور بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کی ترغیب اور مختلف مالی سہولیات کے باعث ترسیلات میں مسلسل بہتری کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جو ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔\932