Live Updates

مون سون کا زور دار سپیل، پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں، نشیبی علاقے زیر آب، سڑکیں تالاب بن گئیں

بدھ 9 جولائی 2025 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) مون سون بارشوں کا زور دار سپیل برقرار ہے، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں زیر آب آ گئے اور سڑکیں تالاب بن گئیں ، لاہور میں موسلادھاربارش سے بجلی کاترسیلی نظام شدید متاثرہو ا اور لیسکوکے سسٹم میں خرابیوں سے 175 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،محکمہ موسمیات نے آئندہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں راوی روڈ، مصری شاہ، شیرانوالہ گیٹ، گجر پورہ، داتا نگر، بھگوان پورہ، لکشمی چوک، جوہر ٹان، جی پی او، ریلوے اسٹیشن اور نابھا روڈ کے اطرف شدید بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

واسا لاہور کی طرف سے دوسرے اسپیل میں بارش کا ریکارڈ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پانی والا تالاب میں 69ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جیل روڈ پر 36ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 40ملی میٹر، گلبرگ میں 47، لکشمی چوک میں 50، اپر مال میں 38، مغلپورہ میں 41، تاجپورہ میں 34، نشتر ٹائون میں 58اور چوک نا خدا میں 46ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔اس کے علاوہ فرخ آباد میں 47، گلشن راوی میں 26، اقبال ٹائون میں 42، سمن آباد میں 32، جوہر ٹائون میں 36اور قرطبہ چوک میں 45ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا،حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

تاہم نشیبی علاقے زیر آب گئے جبکہ سڑکیں بھی تالاب بن گئیں ۔اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، گوجر خان، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے۔کرک اور اطراف میں تیز بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، خانپور ہزارہ میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور مکمل الرٹ ہے۔

وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات کر دیں۔ڈی جی واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے پمپس کو آپریشنل رکھا جائے اور اسکرینوں کو صاف رکھا جائے۔

تمام ٹائون ڈائریکٹرز اپنے ٹانز کی مکمل مانیٹرنگ رکھیں۔دوسری جانب شہرمیں موسلادھاربارش سے بجلی کاترسیلی نظام شدید متاثرہو گیا، لیسکوکے سسٹم میں خرابیوں سے 175 سے زائدفیڈرزٹرپ کرگئے۔ ٹرپنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، بارش کی وجہ سے ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔موسلا دھار بارش سے صارفین کی انفرادی شکایات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا، مسلسل بارش کی وجہ سے لائن سٹاف کو کام کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ۔

لیسکو حکام کا کہنا تھا کہ لیسکو سٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ہے،بجلی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائیگا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹے میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 13جولائی تک جاری رہے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔

صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ 1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں، مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات