آئی سی سی آئی اور ڈریپ کا مشترکہ طور پر فارماکو ویجیلنس آگاہی سیشن منعقد کرنے پر اتفاق

بدھ 9 جولائی 2025 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے مشترکہ طور پر جولائی کے تیسرے ہفتے میں فارماکو ویجیلنس آگاہی سیشن منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اہم اقدام کا مقصد ریگولیٹری بیداری کو مضبوط بنانا، تعمیل کو فروغ دینا اور پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

سیشن میں خیبرپختونخوا (کے پی کے) اور گردونواح کے سٹیک ہولڈرز کو شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔یہ پیش رفت آئی سی سی آئی کے ایک وفد کے دورے کے دوران ہوئی جس کی قیادت صدر ناصر منصور قریشی کر رہے تھے اور جس کا مقصد ڈاکٹر عبید اللہ کو ڈریپ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈاکٹر نور محمد شاہ کو ڈائریکٹر لائسنسنگ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینا تھا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران اطراف نے ریگولیٹری اتھارٹی اور کاروباری برادری کے درمیان باہمی تعاون کے فریم ورک کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ باہمی طور پر اس طرح کے آگاہی سیشنز کو باقاعدگی سے بلانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ بہتر ریگولیٹری تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کی پائیدار ترقی میں اپنا حصہ ڈالا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کاروبار میں آسانی کے لیے چیمبر کی مسلسل وکالت اور حکومت اور نجی اداروں کے درمیان پل کے طور پر اس کے کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی مکمل برآمدی صلاحیت کو فروغ دینے اور عالمی منڈیوں میں ملک کو ایک قابل بھروسہ سپلائر کے طور پر متعارف کرائے کے لیے ایسی باہمی کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارماکو ویجیلنس کے طریقوں کے بارے میں آگاہی میں اضافہ ادویات کی حفاظت کی بہتر نگرانی کا باعث بنتا ہے، جس سے ہماری دواسازی کی مصنوعات پر اعتماد پیدا ہوتا ہے اور یہ اعتماد ہماری ادویات کی بین الاقوامی ساکھ کو بڑھاتا ہے اور اس طرح برآمدات میں نمایاں طور پر اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر عبید اللہ اور ڈاکٹر نور محمد شاہ نے کاروباری دوستانہ اصلاحات کی وکالت کرنے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے میں آئی سی سی آئی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے چیمبر کو ڈریپ کی مسلسل حمایت اور آئندہ مشترکہ اقدامات میں قریبی تعاون کا یقین دلایا۔آئی سی سی آئی کے وفد میں سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ممبر شاہ فیصل بھی شامل تھے۔