نوابشاہ ریلوے اسٹیشن کا پیدل پل خستہ حالی کا شکار، عوام کی جانیں خطرے میں ، کمشنر کا پاکستان ریلوے کو خط

بدھ 9 جولائی 2025 22:49

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے نواب شاہ ریلوے جنکشن اسٹیشن پر پیدل پل کی خستہ حالی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹیس لیتے ہوئے پاکستان ریلوے سکھر کے ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر ون کو ایک ہنگامی خط ارسال کردیا کمشنر نے جاری کردہ خط میں نوابشاہ جنکشن ریلوے اسٹیشن پر واقع پیدل پل کی انتہائی خراب حالت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ یہ پل نہایت خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے اور اب مسافروں اور عام شہریوں کے لیے خطرناک بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے خط میں مزید کہا ہے کہ پل کی ساخت بہت حد تک کمزور ہو چکی ہے اور وہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے، جو روزانہ ریلوے اسٹیشن کا استعمال کرنے والے سینکڑوں افراد کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔کمشنر نے ریلوے حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر اس پل کی مرمت اور بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔