پشاور ٹیک بال چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوگئی

بدھ 9 جولائی 2025 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)پانچ روزہ پشاور ٹیک بال چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپئن شپ میں ضلع بھر سے 55 مرد و خواتین کھلاڑیوں نے انفرادی اور اجتماعی کیٹیگریز میں حصہ لیا۔یونائیٹڈ کنسلٹنٹس کے تعاون سے منعقدہ پشاور ٹیک بال چیمپئن شپ میں مردوں کا سنگلز فائنل ہدایت الرحمان نے حسنین ریاض کو دو ایک سے، خواتین سنگلز فائنل صفا مروہ نے حنا خان کودو صفر سے، مکسڈ ڈبلز فائنل ہدایت الرحمٰن اور صفا مروہ نے منعم اور حنا کودو ایک سے جبکہ مرددوں کا ڈبلز فائنل منعم صدیقی اور جلال الدین نے ہدایت اور یاسین کودو ایک سے ہراکر جیتا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخواتاشفین حیدر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر توفیق احمد، راحت میاں چیئرمین پاکستان ٹیک بال فیڈریشن، اختر رسول نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن، میاں وجاہت علی جنرل سیکرٹری کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن، کاشف فرحان ریجنل اسپورٹس آفیسر پشاور، اصغر سید سی ای او روایت فوڈز، تزکیہ سیدرکن یوتھ اسمبلی اور میاں ابصار علی بانی ٹیک بال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی جی سپورٹس نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور ٹیک بال کے فروغ کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔