ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل رینجرز اور پولیس فورسز کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن

بدھ 9 جولائی 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل رینجرز اور پولیس فورسز بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کررہی ہیں۔ بوسن روڈ ملتان /کبیروالہ /عباسیہ بہاولپور میں متعددبجلی چورپکڑے گئے۔کبیروالہ میں 70لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز اُتارلئے گئے۔

متعدد بجلی چورپکڑے گئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن ملتان سرکل امجدنوازبھٹی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں بوسن روڈ سب ڈویژن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن انجینئر غلام امحی الدین میتلا، ایڈیشنل ایکسین تاج محمود قمر اور ایس ڈی او بوسن روڈ سب ڈویژن راشد محمود کی سربراہی میں رینجرز اور پولیس فورسز نے اعظم پور، دین پور، تھالیاں والا اور جھوک وینس میں آپریشن کے دوران 6افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑلئے۔

(جاری ہے)

بجلی چوروں کو 9لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دیں۔آپریشن کے دوران ڈیڑھ لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 2نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اور تاریں اُتارلیں جبکہ ایک مستقل نادہندہ صارف سے ایک لاکھ 20ہزارروپے واجب الادا بل بھی وصول کیاگیا۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو خانیوال سرکل مشتاق احمد اٹھنگل اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں کبیروالہ سب ڈویژن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔