انسانی خدمت کا جذبہ ہی اصل عظمت ہے، المصطفیٰ ٹرسٹ کی خدمات قابلِ تقلید ہیں،ظفر بختاوری

جمعرات 10 جولائی 2025 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ انسانی خدمت اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے افراد اور ادارے ہی درحقیقت معاشرے کے اصل ہیرو ہیں، ایسے لوگ عظمت کی علامت اور معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہوتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لندن میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں چیئرمین المصطفیٰ ٹرسٹ عبدالرزاق ساجد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

جمعرات کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ظفر بختاوری کو ادارے کی جانب سے پاکستان میں جاری مختلف فلاحی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ظفر بختاوری نے المصطفیٰ ٹرسٹ کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان کے محروم اور دور افتادہ علاقوں میں روشنی کی کرن بن کر ابھرا ہے بلکہ انسانی خدمت کی ایک روشن مثال بھی قائم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، خوراک، صاف پانی، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی اور یتیم بچوں کی کفالت جیسے نازک شعبوں میں المصطفیٰ ٹرسٹ کی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ ظفر بختاوری جیسے دردِ دل رکھنے والے رہنما سے ملاقات ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کا دورہ ہمارے کام کے لیے حوصلہ افزا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان جیسے نمائندہ شخصیات ہمارے مشن کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان میں صحت، تعلیم، خوراک اور دیگر فلاحی منصوبوں پر بھرپور کام کر رہا ہے۔ خاص طور پر معذور افراد کے علاج، یتیم بچوں کی کفالت، موبائل میڈیکل یونٹس، صاف پانی کے منصوبے، تھرپارکر، بلوچستان اور آزاد کشمیر جیسے دور افتادہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی، رمضان و قربانی کے مواقع پر راشن و گوشت کی تقسیم، اور قدرتی آفات میں فوری ریلیف جیسے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کے تحت ملک بھر میں 100 سے زائد فری میڈیکل سینٹرز اور موبائل ڈسپنسریز کام کر رہی ہیں، جن سے سالانہ 14 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں، 70 سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس اور درجنوں تعلیمی منصوبے بھی زیرِ تکمیل ہیں۔چیئرمین ٹرسٹ نے یہ بھی کہا کہ’’ میک پاکستان گرینر" مہم کے تحت لاکھوں درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ بزرگ شہریوں کے لیے "آشیانہ" نامی محفوظ رہائش گاہوں کا منصوبہ بھی کامیابی سے جاری ہے۔ظفر بختاوری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے نجی شعبے، چیمبرز آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کو المصطفیٰ ٹرسٹ کے ساتھ جوڑنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ ایک خوشحال اور فلاحی پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو۔