آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنگلات کی کاوشیں رنگ لے آئیں

مختلف شہروں سے آنے والے ٹھکیداروں کو شاندار ماحول فراہم کرکے لکڑی کی نیلامی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی گئی

جمعرات 10 جولائی 2025 14:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنگلات کی کاوشیں رنگ لے آئیں ، محکمہ جنگلات نیلم سرکل میں ہونے والی لکڑی نیلامی نے اپنے اہداف حاصل کر لئے ، آزاد کشمیر بھر اور پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے ٹھکیداروں کو شاندار ماحول فراہم کرکے لکڑی کی نیلامی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی گئی،سول سوسائٹی و ٹھکیداروں کا اظہار اطمینان ، 70 ہزار مکعب فٹ لکڑی 19 کروڑ 50 لاکھ سے زائد مالیت کی نیلام، ناظم جنگلات نیلم سرکل سید اسد ہمدانی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ، تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات نیلم سرکل لکڑی نیلامی میںتاریخی ریکارڈ قائم کردیا ، اس سے قبل ڈیڑھ ڈیڑ ھ لاکھ مکعب فٹ لکڑی چند کروڑ روپے میں نیلام کی جاتی رہی ہے مگر اب کی بار سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب کی محکمانہ اصلاحات اور انتھک کوششوں کے باعث نیلم سرکل نے تمام ریکارڈ توڑ کر آزاد کشمیر اور پاکستان سے آنے والے ٹھیکیداروں کو لکڑی کی نیلامی کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا اور اچھے ماحول میں لکڑی کی نیلامی کروا کر تاریخ کی سب سے بڑی نیلامی کا ریکاڈ قائم کر دیا ، 70 ہزار مکعب فٹ قیمتی لکڑی 19کروڑ 50 لاکھ سے زائد میں نیلام کردی ، شہریوں اورسول سوسائٹی نے تاریخی نیلامی کا کریڈٹ سیکرٹری جنگلات سردار انصر یعقوب خان، ناظم جنگلات نیلم سرکل سید اسد ہمدانی کو دیتے ہوئے کہا ہیکہ اس سے قبل کبھی نیلم سمیت آزاد کشمیر بھر محکمہ جنگلات کے سرکل میں اس طرح کی نیلامی میں اتنے اچھے نتائج سامنے نہیں آ سکے ہیں ، اگر اسی طرح کی پالیسی محکمہ میں نافذ العمل رہے تو مستقبل قریب میں محکمہ جنگلات اور ریاستی خزانہ کو بڑا ریونیو حاصل ہو سکتا ہے ، ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر بھر اور پاکستان سے آنے والے ٹھیکیداروں نے نیلم سرکل سے آئندہ کے لئے لکڑی نیلامی میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی بنیادی وجہ صاف اور پختہ لکڑی سمیت نیلامی میں حصہ لینے والوں کے لئے اچھا اور سازگار ماحول فراہم کرنے پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر بھر سے سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ، ناظم جنگلات نیلم سرکل سید اسد ہمدانی کو شاندار کارکردگی دکھانے پر ایوارڈ سے نوازنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ، اس کے علاوہ اس نیلامی میں ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل آزاد کشمیر ملک اسد محمود ، مہتمم جنگلات کیرن فاریسٹ ڈویژن سردار محمد اکرم مغل کی انتھک محنت ہے جنہوں نے دشوار گزار علاقوں سے لکڑی کی نکاسی اپنی زیر نگرانی کروا کر لکڑی سیل ڈپو تک پہنچائی اور پھر لکڑی کو محفوظ کرکے اس کی دیکھ بھال کر کے گلنے سڑنے نہ دی ، اس تاریخی نیلامی میں مذکورہ تمام کردار اہمیت کے حامل ہیں ۔