حکومت اوراپٹما کے درمیان کاٹن سیس وصولی کا معاہدہ طے

ٹیکسٹائل انڈسٹری اربوں ڈالرکی کاٹن امپورٹ کرنے پرمجبورہے، امید ہے اس معاہدے سے حالات بہتر ہوں گے اور زرمبادلہ کی بچت ہوگی، کامران ارشد

جمعرات 10 جولائی 2025 17:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)حکومت اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے درمیان کاٹن سیس وصولی کا معاہدہ طے پا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اپٹما، پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی اور وزارت فوڈ سیکیورٹی نے معاہدے پر دستخط کر دیے، معاہدے پر وزیر غذائی تحفظ اور چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے دستخط کیے۔

چیئرمین اپٹما نارتھ اسد شفیع اور چیئرمین کاٹن کمیٹی نے بھی معاہدے پر دستخط کیے، معاہدے کے مطابق ٹیکسٹائل ملز حکومت کو کاٹن سیس کی مد میں ایک ارب 50 کروڑ روپے کی ادائیگی کریں گی، کاٹن سیس 4 اقساط میں ادا کیا جائے گا۔اپٹما ٹیکسٹائل ملز کا ڈیٹا کاٹن کمیٹی کو فراہم کرے گی، اپٹما تمام ٹیکسٹائل ملز کے ساتھ تنازع کو حل کرے گی، اپٹما کاٹن سیس کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے گی، تاخیر سے کاٹن سیس ادائیگی پر 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا کہ حکومت کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے پالیسی اقدامات اٹھا رہی ہے، کپاس کی بیج کی درآمد کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، کپاس کی قلت کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر متاثر ہوا ہے، کپاس کی فصل سے لاکھوں کسانوں کا روزگار وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری اربوں ڈالر کی کاٹن امپورٹ کرنے پر مجبور ہے، امید ہے اس معاہدے سے حالات بہتر ہوں گے اور زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔