جولائی اور اگست کے دوران چاند ایک نایاب فلکیاتی مقام قمری وقفہ پر ہوگا ، سپارکو

جمعرات 10 جولائی 2025 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے انکشاف کیا ہے کہ جولائی اور اگست 2025ء کے دوران چاند ایک نایاب فلکیاتی مقام جسے قمری وقفہ کہا جاتا ہے، پر پہنچے گا۔ یہ مظہر ہر 18.6 سال بعد رونما ہوتا ہے، جب چاند زمین کے آسمان میں اپنی انتہائی شمالی یا جنوبی پوزیشن پر آ جاتا ہے۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ فلکیاتی پوزیشن خاص طور پر 9 جولائی، 22 جولائی اور 5 اگست کو دیکھی جا سکے گی، جب چاند کی زاویائی بلندی یا ڈیکلینیشن 28.725 ڈگری تک پہنچ جائے گی۔

یہ وہ مقام ہے جب چاند کی کششِ ثقل زمین کے ابھرے ہوئے وسطی حصے پر نسبتاً کمزور ہو جاتی ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ اس صورتحال میں چاند کا زمین کی گردش پر پڑنے والا بریکنگ اثر کم ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں زمین کی گردش معمولی طور پر تیز ہو جاتی ہے اور دن کا دورانیہ معمول سے تھوڑا سا چھوٹا ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ قمری مقام زمین کے خطِ استوا کے مقابلے میں قطبین کے قریب محسوس ہوتا ہے، اور اس کا تعلق چاند کے مدار میں پیدا ہونے والی قدرتی تبدیلیوں سے ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ موقع سائنسی تحقیق اور مشاہداتی فلکیات کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے، جبکہ عوام کے لیے بھی آسمان پر چاند کے بدلتے زاویے کو دیکھنے کا نادر موقع ہوگا۔