Live Updates

اپوزیشن نے اپنی اسمبلی الگ لگا لی ، علامتی اجلاس اراکین کی غیر حاضری کے باعث غیر موثر

جمعرات 10 جولائی 2025 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)تحریک انصاف کی جانب سے 26اراکین کی معطلی کے خلاف پنجاب اسمبلی کی عمارت کے باہر بلایا گیا علامتی اجلاس اراکین کی غیر حاضری کے باعث غیر موثر ہوکر رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے 26اراکین کی معطلی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے باہر حقیقی اسمبلی کے سلوگن کے تحت علامتی اجلاس بلایا تاہم 105تعداد رکھنے کے باوجود کم تعداد میں اراکین شرکت کے لئے پہنچے ۔

اپوزیشن کے علامتی اجلاس کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جس کے تحت سمبلی کے باہر خار دار تاریں اور بیرئیر بھی لگائے گئے ۔پولیس کی بھاری نفری مال روڈ سمیت پنجاب اسمبلی کے تمام دروازوں پر تعینات رہی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے علامتی اجلاس کی صدارت اعجاز شفیع صاحب نے کی جبکہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے ۔

اپوزیشن اراکین اسمبلی عمران خان کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا کر اپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔علامتی اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت کارکنوں کی رہائی ،عمران خان پر جیل میں ہونے والے مبینہ مظالم ،حکومت کی شاہ خرچیوں،ذاتی تشہیر کے لیے عوام کا پیسہ خرچ کرنے کے خلاف ، کسانوں اساتذہ، ہیلتھ ورکرز اور دیگر برخاست کیے گئے ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لیے قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

علامتی اجلاس میں .جیلوں سے رہا ہو کر ہیپاٹائٹس سے جاں بحق ہونے والے کارکنان کے لئے دعا بھی کی گئی ۔قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی قید غیر قانونی ہے، عمران خان کی اہلیہ کی سزا بھی غیر قانونی ہے، بانی پی ٹی آئی کو نا حق جیل میں رکھا گیا ہے، ان کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں ،موجودہ حکومت کا مینڈیٹ جعلی ہے ،بانی پی ٹی آئی سے ان کے بیٹوںاور بہنوں کو ملنے دیا جائے، مطالبہ ہے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ہمیں غیر قانونی طور پر ایوان سے نکالا گیا، اسی لیے ہم اپنی جمہوری اسمبلی لگانے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے ،پنجاب کا بجٹ فراڈ پر مبنی ہے۔انہوںنے کہا کہ بارش کے بعد پورا لاہور پانی میں ڈوب چکا ہے لیکن حکومت بجائے مسائل حل کرنے کے، جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات