وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 10 جولائی 2025 22:25

وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری ہے‘ خواجہ سلمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت ٹاؤن ہال میں حلقہ پی پی 153میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں چیف آفیسر ایم سی ایل شاہدعباس کاٹھیا و دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔سید اخلاق شاہ، وہاب ملک و دیگر کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں حلقہ پی پی 153کی 10یونین کونسلزمیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اربوں روپوں کے ترقیاتی منصوبوں پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

متعلقہ حکام نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حلقہ پی پی 153 میں واسا اور ایم سی ایل کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ حلقہ پی پی 153کی 10یونین کونسلزمیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اربوں روپوں کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر اہل علاقہ شکریہ اداکرتے ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ غازی آباد،جوڑے پل،الفیصل ٹاؤن،تاج پورہ،ہربنس پورہ،کینال بنک،تاج باغ ودیگر علاقہ جات میں ترقیاتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر الحمدللہ جاری ہے۔حلقہ پی پی153میں سیوریج، پینے کے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی پراجیکٹ بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدارمیں آکرہمیشہ عوام کی فلا ح و بہبودکیلئے کام کیا ہے۔