فیصل آباد پولیس کا شہید اے ایس آئی کو خراج عقیدت، قبر پر سلامی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

جمعرات 10 جولائی 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) فیصل آباد پولیس نے شہید اے ایس آئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی قبر پر سلامی دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تفصیلات کے مطابق شہید رحمت علی اے ایس آئی کی برسی کے موقع پر شہید کی قبر پر ڈی ایس پی سمندری نے سلامی دی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمرکی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل سمندری محمد آفتاب اور ایس ایچ او صدر سمندری غازی رضوان جاوید نے شہید رحمت علی اے ایس آئی کی برسی کے موقع پر شہید کی قبر پرحاضری دی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے کے ہمراہ سلامی پیش کی۔

شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی۔رحمت علی اے ایس آئی نے تھانہ گڑھ کے علاقہ میں دوران پولیس مقابلہ جام شہادت نوش کیا۔ سی پی او نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید فیصل آباد پولیس کا فخر ہے کسی بھی خوشی غمی میں شہید کی فیملی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ فیصل آباد پولیس کی جانب سے شہید کی فیملی میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ سی پی او نے کہا کہ شہدا فیصل آباد پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں جنہوں نے اپنا آج قربان کر کے ہمارا کل محفوظ بنایا ہے۔