برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم کی اسلام آباد ایئرپورٹ سیکیورٹی انسپکشن مکمل

پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ، ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی کاوشوں کو سراہا

جمعرات 10 جولائی 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے سیکیورٹی انسپکشن کا عمل مکمل کرلیا۔ترجمان اے ایس ایف کے مطابق برطانوی ٹرانسپورٹ کی تین رکنی ٹیم نے 3روزہ ایوی ایشن سیکیورٹی انسپکشن کی اور اس کے لیے ٹیم 8 جولائی کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھی۔انہوں نے بتایا کہ انسپکشن کا مقصد بین الاقوامی معیار پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھااور اے ایس ایف نے انسپکشن کے دوران تمام اقدامات یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی انسپکشن کے حوالے سے افتتاحی اجلاس میں چیف سیکیورٹی افسر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شریک ہوئے، ڈی ایف ٹی ٹیم نے سیکیورٹی ڈیپلائمنٹ، اسکریننگ اور داخلی کنٹرول کا جائزہ لیا۔اے ایس ایف ترجمان نے کہا کہ برطانوی ٹیم نے کیو آر ایف، ڈرون سیکیورٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کا بھی معائنہ کیا۔ترجمان کے مطابق ڈی ایف ٹی ٹیم نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی کاوشوں کو سراہا۔