Live Updates

جلا ئوگھیرائو کیسز :انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی ملتوی کردی

جمعرات 10 جولائی 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی کے جلا ئوگھیرائو کیسز میں جناح ہاوس، تھانہ شادمان اور راحت بیکری کے باہر توڑ پھوڑ کے مقدمات کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور میں ناقص انتظامات کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی ۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج منظر علی گل نے جیل میں مقدمات کی سماعت کرنا تھی مگر بارش کے باعث جیل میں پانی جمع ہو گیا اور بجلی بند ہو گئی جس کے نتیجے میں عدالتی کارروائی نہ ہو سکی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے فاضل جج نے جیل انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ عدالتی کمرہ جنریٹر کے ساتھ منسلک رکھا جائے تاکہ بجلی کی عدم دستیابی کی صورت میں کارروائی متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ عدالتی عملہ، ملزمان اور گواہان سب موجود تھے مگر ناقص انتظامات کے باعث کارروائی ممکن نہ ہو سکی۔ عدالت نے جناح ہاس کیس کی سماعت 19جولائی جبکہ شادمان اور راحت بیکری جلا گھیرا کیسز کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی۔ مقدمات میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کو کوٹ لکھپت جیل میں پیش کیا گیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات