کے الیکٹرک وفاق سے سستی بجلی دستیاب ہونے کے باوجود نہیں لے رہی، نیپرا

اپریل میں بھی کے الیکٹرک نے وفاق سے 1600 کے بجائے صرف 1014 میگا واٹ بجلی لی، نیپرا

جمعرات 10 جولائی 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے کراچی الیکٹرک(کے الیکٹرک)کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک وفاق سے سستی بجلی دستیاب ہونے کے باوجود بجلی نہیں لے رہی۔ اپریل میں بھی کے الیکٹرک نے وفاق سے 1600 کے بجائے صرف 1014 میگا واٹ بجلی لی۔

(جاری ہے)

نیپرا کے مطابق وفاق سے سستی بجلی نہ لینے سے کے الیکٹرک کا مہنگی بجلی پر انحصار بڑھا ہے۔ممبر نیپرا ٹیکنیکل رفیق شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی کارکردگی مسلسل بگڑ رہی ہے، جس سے مالی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ سسٹم میں بہتری لا کر صارفین پر بوجھ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ممبر نیپرا نے مزید کہا کہ اپریل میں بھی کے الیکٹرک نے پاور پلانٹس مکمل صلاحیت کے مطابق نہیں چلائے۔ اس صورتحال سے بجلی کے پیداواری شعبے میں ناقص کارکردگی ظاہر ہوتی ہے۔ کے الیکٹرک آپریشنل کارکردگی میں بہتری کے لیے اقدامات کرے۔