نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دیرپا تعلقات میں گرانقدر کردار پر خراجِ تحسین

جمعرات 10 جولائی 2025 23:30

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کوالالمپور میں پاکستان ہائی کمیشن کی میزبانی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات میں ان کے گرانقدر کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی اور کثیرالجہتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروبار، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں پاکستانی تارکینِ وطن کی شمولیت نے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی کمیونٹی ہمارے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے، ان کی محنت، لگن اور ملائیشین معاشرے میں انضمام کے ساتھ ساتھ اپنی پاکستانی شناخت کو برقرار رکھنا دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا پل بن چکا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم نے کمیونٹی کو ان کے مسائل کے حل اور مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے حکومت کے حالیہ اقدامات کا بھی ذکر کیا جن میں قونصلر خدمات میں سہولت، محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ اور اوورسیز پاکستانی نیٹ ورک کے ذریعے سرمایہ کاری کا فروغ  شامل  ہے۔