سپیکر قومی اسمبلی کی سر ڈھاکہ میں مسافروں پر فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 11:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سر ڈھاکہ بلوچستان میں بے گناہ مسافروں پر فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بیان کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی نے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ شہدا کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ انسانیت سوز بربریت کی بدترین مثال ہے، دہشتگرد عناصر قومی وحدت اور امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم بھارتی سرپرستی میں ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانےکے لیےمتحد ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان دہشتگردی کے خلاف افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔