تیرہ جولائی ظلم وناانصافی کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی علامت ہے ، پی ڈی پی

جمعہ 11 جولائی 2025 12:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے 13جولائی 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن ظلم اور ناانصافی کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی علامت ہے، جسے کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی قیادت نے 13جولائی کے تاریخی دن کو عقیدت اور احترام کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 13جولائی1931کے شہدا کی قربانیوں کوجموں و کشمیر کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے ۔پی ڈی پی کے جنرل سیکرٹری محمد خورشید عالم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 1931 کے شہدا کی قربانیوں نے جموں و کشمیر میں سیاسی شعور کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ نے اس دن کو تاریخی اہمیت کو کم کرنے کیلئے اس روز سرکاری تعطیل کوختم کر دیا ہے، لیکن وہ تاریخ کو مٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔

پارٹی رہنما غلام نبی لون ہنجورہ نے کہا کہ13جولائی کے شہداء کی قربانیاں کشمیری عوام کے اجتماعی شعور کا حصہ بن چکی ہیں اور آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں ۔تقریب کے آخر میں پارٹی قیادت نے جمہوری اقدار، وقار اور سچائی سے اپنی گہری وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا صرف ایک روایت نہیں بلکہ ان اخلاقی اقدار سے گہری وابستگی کا مظہرہے جن کیلئے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔