ختم نبوت کا عقیدہ ہماری پہچان اور ایمان کا جزوِ لاینفک ہے،صاحبزادہ محمد زبیر صدیقی ہزاروی

جمعہ 11 جولائی 2025 17:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر اور معروف دینی رہنما صاحبزادہ محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختمِ نبوت مسلمانوں کی شناخت، اتحاد، ایمان اور دین کی بنیاد ہے۔ نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں اور جو اس عقیدے میں معمولی بھی شک رکھے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔

اس عقیدے پر کسی بھی قسم کا حملہ، تردد یا سازش، براہِ راست ایمان پر حملہ ہے اور ہم اس کے تحفظ کے لیے کسی بھی سطح تک جانے اور کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے دل ختم نبوت ﷺ کے عقیدے سے دھڑکتے ہیں اور یہی وہ مرکزِ عقیدت و غیرت ہے جس کے گرد صدیوں سے ایمان والے جمع ہوتے آئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قادیانی لابی، مغربی ایجنڈا بردار حلقے اور نام نہاد لبرل گروہ عقیدہ ختم نبوت کو ''ریویو'' یا ''مباحثی'' کا موضوع بنا کر ملتِ اسلامیہ کے جذبات سے کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن عاشقانِ رسول ﷺ یہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ زبیر ہزاروی نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے تحریک ختم نبوت 1953ء، 1974ء اور 1984ء میں جو عظیم قربانیاں دیں وہ تاریخِ اسلام کا روشن باب ہیں۔ انہی کی کاوشوں سے قادیانی فتنے کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دیا گیا۔ اب کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ان فیصلوں کو چیلنج کرے یا ان پر نظرِ ثانی کی بات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ادارے، عدلیہ اور پارلیمنٹ پر لازم ہے کہ وہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، تاکہ قادیانی کھلے عام ''مسلمان''، ''مسجد''، ''اذان''، ''قرآن'' اور ''نبی'' جیسے الفاظ کا دھوکہ دہ استعمال بند کریں۔

اگر یہ دھوکہ دہی رک نہ سکی تو پورے ملک میں شدید ردعمل جنم لے سکتا ہے۔صاحبزادہ محمد زبیر ہزاروی نے نوجوانانِ اہل سنت کو ہدایت کی کہ وہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کی حفاظت کے لیے خود کو علمی، نظریاتی اور عملی طور پر تیار رکھیں۔ سوشل میڈیا پر جاری گستاخانہ مہمات کا علمی جواب دیں اور ہر فورم پر نبی کریم ﷺ کی ختم نبوت کا دفاع دلیل، حکمت اور غیرتِ ایمانی کے ساتھ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی شہر بھر میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے اجتماعات، خطابات، دروسِ سیرت، تربیتی نشستوں اور قانونی وآئینی آگاہی مہم کا آغاز کر رہی ہے اور یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک قادیانی فتنہ مکمل طور پر قانون کے شکنجے میں نہ آ جائے۔پروگرام کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو تحفظ ختم نبوت ﷺ کا فریضہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور پاکستان کو قادیانی و مغربی سازشوں سے محفوظ رکھے۔