سیلاب کی پیشن گوئی کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور مجوزہ پیشگی وارننگ سسٹم کےلئے جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے وفد کا سوات کا دورہ

جمعہ 11 جولائی 2025 17:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ایک وفد نے سوات کا دورہ کیا، جس کا مقصد سیلاب کی پیشن گوئی کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور پیشگی وارننگ سسٹم پیش کرنا تھا۔ وفد نے متعلقہ ضلعی اور مقامی حکومت کے حکام سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں مجوزہ مربوط ڈیجیٹل فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد آفات سے نمٹنے کے لئے تیاری کو بڑھانا اور قیمتی جانوں کی حفاظت کرنا ہے ۔

انسٹی ٹیوٹ نے پہلے ہی ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تعاون سے دریائے سوات پر ایک پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، پانی کی سطح اور بہائو کی رفتار کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت بھی استعمال کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ نظام ایک مربوط ڈیش بورڈ کو ریئل ٹائم ڈیٹا فراہم کرتا ہے جس سے سیلاب کی پیشن گوئی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وفد میں پروفیسر ڈاکٹر مسرور حسین سربراہ ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر انجینئرنگ اینڈ ڈیٹا سائنس، ڈاکٹر محمد وسیم اسسٹنٹ پروفیسر سول ڈیپارٹمنٹ اور انجینئر ذوالقرنین جہاں ریسرچ اسسٹنٹ، سول ڈپارٹمنٹ شامل تھے۔ وفد نے جزوی طور پر تیار کردہ Kawai Life ایپ متعارف کرائی ہے جو ہنگامی امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ ایپ سیاحوں اور رضاکاروں کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ محدود انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی والے علاقوں میں بھی ایس ایم ایس پر مبنی الرٹس کے ذریعے ہنگامی صورتحال کی اطلاع دے سکیں اور اپنے درست مقام، تصاویر اور دیگر اہم معلومات کو ریسکیو 1122 کے ساتھ شیئر کر سکیں۔

اس سسٹم میں سیاحوں، سسٹم ایڈمنسٹریٹرز اور آپریشنل محکموں جیسے محکمہ آبپاشی، پی ایم ڈی اے، کمشنر آفسز اور ریسکیو 1122 کے لیے وقف کردہ ڈیش بورڈز بھی شامل ہیں۔ مزید تجاویز میں سیاحتی علاقوں میں ہوٹلوں اور ریستورانوں کی رجسٹریشن اور نگرانی کے لیے نقشے سے مربوط سیلاب کی پیشن گوئی اور ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد سیاحوں کی حفاظت کو بڑھانا، ریئل ٹائم اینالیٹکس کے ذریعے ٹریفک مینجمنٹ کی سپورٹ کرنا اور عام اور ہنگامی حالات دونوں کے دوران حکومتی نگرانی کو مضبوط بنانا ہے۔

اس تجویز میں اس ڈیجیٹل قبل از وقت وارننگ اور سیلاب کی پیشن گوئی کے نظام کی ترقی کے لیے ایک پی سی ون کی منظوری کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ صلاحیت بڑھانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی متعلقہ صوبائی حکام کی جانب سے آپریشنل نفاذ کے ساتھ نظام کی ترقی کے لیے تکنیکی مہارت فراہم کر سکتا ہے۔