پاکستان کو ایشیائی سکواش میں ایک اور کامیابی

جمعہ 11 جولائی 2025 19:09

پاکستان کو ایشیائی سکواش میں ایک اور کامیابی
سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) 32ویں ایشین جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ کا شاندار انعقاد جنوبی کوریا میں ہوا، جس میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ چیمپئن شپ میں 11 ایشیائی ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جن میں پاکستان، تھائی لینڈ، عراق، ملائیشیا، سری لنکا، بھارت، جنوبی کوریا، ایران، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب شامل تھے۔

پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 10 کھلاڑیوں میں سے دو کا تعلق پاکستان آرمی سے تھا۔

(جاری ہے)

سب سے نمایاں کارکردگی پاکستان آرمی کے باصلاحیت کھلاڑی نعمان خان نے دکھائی، جنہوں نے بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ نعمان خان کی اس جیت نے نہ صرف پاکستان بلکہ پاک فوج کا بھی نام روشن کیا، اور سکواش کے میدان میں پاکستان کی روایتی برتری کی جھلک ایک بار پھر دنیا کو دکھائی۔ ان کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن اور کھیلوں کے حلقوں نے نعمان خان اور قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستانی نوجوان خطے اور دنیا بھر میں کامیابیاں سمیٹتے رہیں گے۔