سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی خوشحال بلوچستان کیلئے صحت اور خاندانی منصوبہ بندی بارے شعور و آگاہی کیلئے تعاون کریں، گورنر بلوچستان جعفرخان

جمعہ 11 جولائی 2025 20:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کو آبادی میں غیرمعمولی اضافے، محدود وسائل اور ماحولیاتی انحطاط کی وجہ سے ایک اہم چیلنج کا سامنا ہے، اس مشاہدے کے ذریعے ہمارا مقصد صحتمند ماحول کیلئے متوازن آبادی میں اضافے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے، سیاسی جماعتیں ، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کی سرکرہ شخصیات خوشحال بلوچستان کیلئے صحت اور خاندانی منصوبہ بندی بارے شعور و آگاہی کیلئے تعاون کریں۔

عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات زچگی اور بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے میں توازن حاصل کرنے کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، پاکستان میں بلوچستان کی سب سے زیادہ زچگی کی شرح اموات کے پیش نظر صحت کی دیکھ بھال اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے، ہمیں بشمول مانع حمل ادویات تک رسائی، معیاری صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم خاص طور پر لڑکیوں کیلئے بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر خدمات کو مربوط تعلقات بڑھا کر ہم صحتمند نتائج حاصل کر سکتے ہیں، پائیدار ترقی کیلئے متوازن آبادی میں اضافہ اور خاندان کے چھوٹے سائز کی ضرورت ہوتی ہے جو صرف صحیح پالیسیوں اور اجتماعی کوششوں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔