وزیراعلی سندھ کا یومِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات ایک ساتھ منانے کا فیصلہ

پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پروگرامز، ثقافتی شو، کھیلوں کے مقابلے اور موسیقی کی محفلیں شامل ہوں گی،مراد علی شاہ

جمعہ 11 جولائی 2025 20:35

وزیراعلی سندھ کا یومِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات ایک ساتھ منانے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں اس سال 14 اگست کو یومِ آزادی اور 15 اگست کو معرکہ حق کی تقریبات ایک ساتھ اور بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، شرجیل میمن، سعید غنی، محمد بخش مہر اور ذوالفقار شاہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں میئر کراچی مرتضی وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو، صوبائی سیکریٹریز، کمشنر سکھر فیاض عباسی، کور فائیو، کوم کار اور سدرن ایئر کمانڈ کے نمائندے بھی موجود تھے، جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کے میئرز اور کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے بھارت پر پاکستان کی تاریخی فتح پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال یومِ آزادی اور معرکہ حق کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔

انہوں نے 14 اور 15 اگست کو خصوصی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تقریبات میں پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے والے پروگرامز، ثقافتی شو، کھیلوں کے مقابلے اور موسیقی کی محفلیں شامل ہوں گی اور یہ سرگرمیاں یکم اگست سے شروع کر دی جائیں گی۔ اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ نے ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کی ہے جس کی سربراہی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کریں گے۔ کمیٹی میں وزرا برائے کھیل، ثقافت، بلدیات اور تمام میئرز شامل ہوں گے۔ کمیٹی مکمل پروگرام ترتیب دے کر وزیراعلی سندھ کو پیش کرے گی۔ یہ فیصلہ سندھ حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کے یومِ آزادی کو صوبے بھر میں جذبے، وقار اور یکجہتی کے ساتھ منایا جائے۔