وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کا پشاور فلائنگ کلب کا دورہ

جمعہ 11 جولائی 2025 22:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پشاور کے تاریخی فلائنگ کلب کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی عملی صلاحیتوں، تربیتی ڈھانچے اور پاکستان میں سول ایوی ایشن اور پائلٹ ٹریننگ کے فروغ میں اس کے طویل کردار پر بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا استقبال فلائنگ کلب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن (ر) سہراب خان، سینئر انسٹرکٹرز اور انتظامی افسران نے کیا۔

انہوں نے تربیتی طیاروں کے بیڑے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے فلائنگ کلب کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے قومی اثاثہ اور ایک تاریخی اہمیت کا حامل ادارہ قرار دیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں سول ایوی ایشن کی تربیت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے، ہنر مند افرادی قوت تیار ہو، اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پشاور کا فلائنگ کلب صرف ہماری تاریخ نہیں بلکہ ہماری اسٹریٹجک ترجیحات کا حصہ ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ہوا بازی اور ایئرکرافٹ انجینئرنگ جیسے جدید پیشوں سے جوڑنے کی فوری ضرورت ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس میں تربیتی نصاب کی اپ گریڈیشن، گراؤنڈڈ طیاروں کی بحالی، اور پی ایف سی ایل سے تربیت یافتہ پائلٹس اور انسٹرکٹرز کے لائسنس کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر منظوری کے لیے پالیسی اقدامات شامل ہیں۔