ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

حالیہ ہفتے میں مہنگائی میں 0.95 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے باعث سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 1.23 فیصد ہوگئی ہے، وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 جولائی 2025 20:13

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 11 جولائی 2025ء ) ملک میں گزشتہ چند دنوں میں مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں اضافہ ہونے لگا، حالیہ ہفتے میں مہنگائی میں 0.95 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے نتیجے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پچھلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.73 فیصد اضافہ ہوا تھا، جبکہ حالیہ ہفتے مہنگائی میں اضافے کی شرح بڑھ گئی ہے۔

حالیہ ہفتے میں مہنگائی میں 0.95 فیصد اضافہ ہونے کے باعث سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 1.23 فیصد ہوگئی ہے۔ مہنگائی میں اضافے سے حالیہ ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 6 اشیاء سستی اور 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ ایک ہفتے میں جن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو کی قیمت میں 2.79 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 6.25 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 13.45 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 2.36 فیصد، گڑ کی قیمتوں میں 1.89 فیصد، چینی کی قیمتوں میں 1.90 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 0.84 فیصد اور چکن کی قیمتوں میں 22.61 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا۔

جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان اشیاء میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 2.56 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.81 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 0.41 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.20 فیصد، بناسپتی گھی کی قیمتوں میں 0.02 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.02 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز دو روز میں فی تولہ سونا 5 ہزار 500 روپے مہنگا ہوا۔ آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔

جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3لاکھ 57 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 971 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ نئی قیمت 3 لاکھ 6 ہزار69 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ فی تولہ چاندی کی قیمت 86 روپے اضافے کے بعد 3,937 اور دس گرام چاندی کی قیمت 74 روپے اضافے کے بعد 3,375 ہو گئی۔ ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3,324 ڈالر سے بڑھ کر 3،345 ڈالر ہو گئی ہے۔