باجوڑ، مولانا خان زیب کی نماز جنازہ ادا، واقعے کی رپورٹ تیار

دو بائیکس پر 5 ملزمان نے فائرنگ کی، گولیوں کے 35 خول برآمد، واقعے کا مقدمہ درج

جمعہ 11 جولائی 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)باجوڑ میں اے این پی کے رہنما مولانا خان زیب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، ان کے قتل کی رپورٹ سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کردی گئی۔ایک روز قبل باجوڑ میں فائرنگ سے شہید کیے گئے اے این پی رہنما مولانا خان زیب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، انہیں ان کے آبائی علاقے ناؤگئی میں سپرد خاک کردیا گیا۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ اے این پی کے صوبائی صدر افتخار حسین، سردار حسین بابک، باجوڑ کے اراکین اسمبلی نثار باز، ڈاکٹر حمید، انور زیب خان سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 افراد نے ان پر فائرنگ کی، دہشت گردوں کا ٹارگٹ مولانا خان زیب ہی تھے، دو مقامات کی جیوفینسنگ کی جارہی ہے، فائرنگ سے مولانا خان زیب اور کانسٹیبل شیر زادہ شہید جب کہ تین افراد زخمی بھی ہوئے، واقعہ کی جگہ سے پستول کی گولیوں کے 35 خول برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی خار باجوڑ میں درج کیا گیا ہے جو کہ تھانہ خار کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔