بجلی صارفین کو سستی بجلی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سروسز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،آئیسکو

جمعہ 11 جولائی 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد نعیم جان نے کہا ہے کے حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے بجلی صارفین کے مسائل کے بروقت ازالے، انہیں سستی بجلی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سروسز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے کی ایک کڑی اپنا میٹر اپنی ریڈنگ پاور سمارٹ ایپلیکیش کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے صارفین کو بجلی بلنگ کے عمل میں براہ راست شامل کیا گیا ہے۔

اس سمارٹ اپیبلکیش کا استعمال کرتے ہوئے صارفین ہر ماہ مقرر تاریخ کو اپنی میٹر ریڈنگ خود کر کے آئیسکو کو بھیج سکیں گے جس کے باعث بروقت درست اور غلطی سے پاک اور شفاف میٹر ریڈنگ ممکن ہو گی اس اقدام کا مقصد میٹر ریڈرز کی وجہ سے غلط اور تاخیر سے کی جانے والی میٹر ریڈنگ کا خاتمہ ہے اور بجلی صارفین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بلنگ میں با اختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے بجلی کے استعمال اور بل کی درستگی پر مکمل نظر رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو محمد نعیم جان نے کہاکہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پر تمام آئیسکو دفاتر کو ضروری ٹریننگ اور ہدایات دے دی گئی ہیں مزید اس سمارٹ ایپلیکیش کے استعمال اور اس کے فوائد کے بارے میں آئیسکو نے ایک بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے تا کہ ہر صارف حکومت پاکستان کے اس صارف دوست اقدام کے فوائد سے مستفید ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سے نہ صرف ادارے پر صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ بلنگ کے عمل میں شفافیت بھی آئے گی۔ آئیسکو ہمیشہ سے صارف دوست پالیسیوں کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے اور یہ مہم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اس مہم کو عوام اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔