وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعہ 11 جولائی 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صو بہ کی مجموعی سیکورٹی صورتحال بالخصوص حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری اور سیکورٹی حکام نے واقعہ کے محرکات اب تک کی پیش رفت اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ نے واقعہ کو ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی سنگین کوشش قرار دیتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ اس انسانیت سوز کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں معصوم شہریوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کا پیچھا آخری حد تک کیا جائے گا اور ان کے خلاف فیصلہ کن اور بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ لیویز اور پولیس مشترکہ اور مؤثر کارروائی کریں تاکہ ایسے عناصر دوبارہ کسی علاقہ میں سر اٹھانے کی جرات نہ کرسکیں اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے واقعات میں فوری اور مربوط ردعمل کے نظام (رسپانس میکنزم) کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور امن دشمن عناصر کے ساتھ پوری قوت سے نمٹا جائے گا، وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا قبل ازیں اجلاس کے آغاز میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔