محکمہ بہبود آبادی بلوچستان دور دراز علاقوں میں یونٹس قائم کیے گئے ہیں،ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن

جمعہ 11 جولائی 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن عظیم کاکڑ نے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے عوامی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی آبادی دیگر صوبوں کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر کوئٹہ میں ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی بلوچستان صوبے کے دور دراز علاقوں میں یونٹس قائم کیے گئے ہیں اور خواتین و نوجوانوں کو درست معلومات فراہم کرنے کے لیے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ محکمہ نے سال 2025ـ26 میں 290 خواتین سوشل موبلائز ر کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کی تاکہ ماں اور بچے کی تولیدی صحت کے حوالے سے آگاہی مہم کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈی جی بہبود آبادی نے میڈیا، اساتذہ، علمائے کرام اور قبائلی عمائدین سے اس قومی فریضے میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر 'ون ونڈو آپریشن' کے تحت خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہسپتالوں میں خصوصی کارنرز قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا ہدف شرح آبادی کو 3.2 فیصد تک کم کرنا ہے اور اس نیک کام میں صحافی برادری سے بھی ساتھ دینے کی درخواست کی گئی۔تقریب سے ڈاکٹرعنبرین مینگل ،ٹیکنکل اسپیشلسٹ یواین ایف پی اے ڈاکٹرسرمد سعید خان ،ایوب کاکڑودیگرنے بھی خطاب کیا۔