ڈی پی او مانسہرہ نے نو تعمیر شدہ انسپکٹر مبارک شہید بلاک اور تھانہ شنکیاری میں واچ ٹاور سمیت مختلف سہولیات کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:02

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے ڈی پی او آفس مانسہرہ میں نو تعمیر شدہ ”انسپکٹر مبارک شہید بلاک“ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ایس پی انوسٹی گیشن شیراز خان، شہید انسپکٹر مبارک کے صاحبزادے اور دیگر افسران و اہلکاربھی موجود تھے۔ یہ بلاک شہداکی قربانیوں کو امر کرنے اور ان کی یاد کو زندہ رکھنے کی ایک علامت ہے۔

بعد ازاں ڈی پی او مانسہرہ نے تھانہ شنکیاری کا دورہ کیا جہاں نئے تعمیر شدہ واچ ٹاور، تزئین و آرائش شدہ دفاتر اور دیگر سہولیات کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی شنکیاری قاضی ماجد نسیم، ایس ایچ او تھانہ شنکیاری کیڈٹ ثاقب اور دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ نے تھانہ کے مختلف شعبوں ، بیرکس، ریکارڈ روم اور کرائم چارٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مجموعی جرائم کی صورتحال کے حوالہ سے ایس ایچ او کو ہدایات جاری کیں۔

ڈی پی او مانسہرہ نے بعد ازاں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) شنکیاری کا بھی دورہ کیا جہاں ڈی آر سی ممبران سے ملاقات کی گئی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کیلئے رہنمائی فراہم کی گئی۔ دورہ کے دوران ڈی پی او مانسہرہ نے شنکیاری کی صحافی برادری سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، ان کی تجاویز اور تعاون پولیس کیلئے ہمیشہ رہنمائی کا باعث بنتے ہیں۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے کہا کہ پولیس انفراسٹرکچر میں بہتری صرف عمارات کی مضبوطی نہیں بلکہ پولیس فورس کے اعتماد، سروس ڈلیوری اور شہداکے وقار کو بلند کرنے کی عملی شکل ہے۔