بھارت کوایک اوردھچکہ، برازیل نے آکاش میزائل سسٹم کے حصول کے لئے بات چیت روک دی

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:13

بریزیلیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)برازیل نے بھارتی دفاعی سازوسامان کے قابل اعتماد ہونے پر بڑھتے ہوئے شکوک کے پیش نظر زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش میزائل سسٹم کے حصول کیلئے بھارت کے ساتھ بات چیت کو باضابطہ طور پر روک دیا ہے اور اب وہ اٹلی کے جدید ماڈیولر ایئر ڈیفنس سلوشنز(EMADS)سسٹم خریدنے کی کوشش کر رہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آکاش سسٹم کے پرانے ورڑن کی پیشکش کے حوالے سے بھارت کے ساتھ برازیل کی بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی جس میں اسرائیلی فرموں کے ساتھ مل کر تیار کردہ نئے ورڑن میں پائی جانے والی خصوصیات کا فقدان ہے۔آکاش سسٹم جسے بھارت کی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (DRDO)نے تیار کیا ہے، درمیانے فاصلے تک زمین سے فضا میں مار کرنے والا ایک میزائل (SAM) پلیٹ فارم ہے جسے طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے پہلے ورڑن میں زیادہ جدید خصوصیات ایکٹیو ریڈار ہومنگ اور نیٹ ورک ٹارگٹنگ جیسی خصوصیات کا فقدان ہے۔اس کے برعکس EMADSسسٹم CAMMاور CAMM-ER میزائلوں کا استعمال کرتا ہے جس میں فعال ریڈار ہومنگ، سافٹ عمودی لانچ اور 360ڈگری کوریج شامل ہیں۔EMADS کو طیاروں، کروز میزائلوں اور ڈرونز سے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔برازیل کا اٹلی کے EMADS کے حصول کی کوشش کا فیصلہ فوجی سازوسامان کو عالمی سطح پربرآمد کرنے کے بھارتی منصوبے کے لئے ایک بڑا دھچکہ ہے۔