Live Updates

سیکرٹری سیاحت راجہ جہانگیر انور کا مری ڈویلپمنٹ پلان میں شامل سال 2025-26 کی ترقیاتی سکیموں کا دورہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) سیکرٹری سیاحت راجہ جہانگیر انور نے وزیر سیاحت پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایت پر مری ڈویلپمنٹ پلان میں شامل سال 2025-26 کی ترقیاتی سکیموں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پتریاٹہ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور کوٹلی ستیاں کے دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ نئی چیئرلفٹ کے مقام کا جائزہ لیا اور چیوڑا بیس پر جاری گلیمپنگ پوڈ ولیج میں ترقیاتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ جہانگیر انورنے کہا کہ حکومت پنجاب نے اس سال سیاحت کے فروغ کیلئے بجٹ میں ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں، نئے سیاحتی مقامات میں کوٹلی ستیاں کو بھی چنا گیا ہے جہاں ایک جدید چیئرلفٹ کے علاوہ پیراگلائڈنگ کلب اور گلیمپنگ پوڈ ویلیج بھی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کوٹلی ستیاں قدرتی خوبصورتی کا حامل ایک بہترین سیاحتی مقام ہے جہاں سیاحوں کے لئے دلکش تفریحات کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ دیرپا اور ماحول دوست سیاحت کو یقینی بنانے کیلئے پورے علاقے کی ماسٹر پلاننگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ بے ہنگم تعمیرات سے بچا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سیاحت کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کا معیار زندگی بلند کیا جائے گا۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات