تفتان بارڈر کی طویل بندش نے ویزا رکھنے والے محنت کشوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:56

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) تفتان بارڈر کی طویل بندش نے ویزا رکھنے والے محنت کشوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔کئی ماہ سے پاکستانی گیٹ اور ویزہ سروس بند ہونے کے باعث غریب مزدور دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ویزا رکھنے کے باوجود پاکستانی حکام تفتان بارڈر سے جانے کی اجازت نہیں دے رہے، جب کہ ایرانی شہری با آسانی ویزا لگا کر پاکستان آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرین کا کہنا ہے کہ ہم نے قانونی طریقے سے ویزے لگوائے، پاسپورٹ تیار کیے، مگر پھر بھی ہمیں بارڈر سے واپس کر دیا جاتا ہے۔ گھر میں فاقوں کی نوبت ہے، بال بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، آخر ہم کہاں جائیں باڈر بندش کے ساتھ ساتھ اب تفتان میں مزید رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، جس سے بلوچستان کے عوام کی پریشانیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔متاثرہ افراد نے میڈیا کے توسط سے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ بارڈر ویزا سروس کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ ہم محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پال سکیں۔ بصورت دیگر ہم مزید مشکلات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔