Live Updates

ضلع جہلم ویلی میں ایک بار پھر طوفانی بارش نے تباہی مچا دی

ندی نالے بپھر گئے،شاریاں پاور ہاؤس کا واٹر چینل،چھ رابطہ سڑکیں تباہ،ہزاروں افراد گھروں میں محصور

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:43

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں ایک بار پھر طوفانی بارش نے تباہی مچا دی،ندی نالے بپھر گئے،شاریاں پاور ہاؤس کا واٹر چینل،چھ رابطہ سڑکیں تباہ،ہزاروں افراد گھروں میں محصور،نصف درجن سے زائد علاقوں کا ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا سے زمینی رابطہ منقطع،بجلی بندش سے موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بند ہو گئی، ڈگری کالج گرائو نڈ کی ناقص تعمیر کے باعث لوہر محلہ چناری میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ،زمینی رابطہ منقطع ہونے،بجلی اور اکثر موبائل کمپنیوں کی سروس بندش سے عوام شدید مشکلات سے دوچار،عوام نے ہنگامی بنیادوں پر سڑکیں،بجلی اور موبائل سروس بحالی کے لیے اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزجہلم ویلی بھر میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث تین اعشاریہ دو میگا واٹ پاور ہاؤس شاریاں کا واٹر چینل،لانگلہ تا نیلی روڈ دائیاں کنارہ دس کلو میٹر،گوہر آباد غربی روڈ،گوہر آباد شرقی روڈ،بٹنگی روڈ،نوگراں روڈ،نڑدجیاں،تراڑاں روڈ تقریباً ایک کلو میٹر بری طرح متاثر ہو گئی،جہلم ویلی بھر میں دیگر متعدد رابطہ سڑکیں،رہائشی مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے، پاور ہاؤس کھٹائی کے واٹر چینل میں شدید طغیانی کے باعث ملبہ آنے اور متعدد مقامات پر واٹر چینل میں دراڑیں پڑنے سے ہفتہ کی صبح سے اتوار کی رات آٹھ بجے تک پاور ہاؤس کھٹائی کو مکمل طور پر بند کر کے واٹر چینل کی مرمتی،صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے،دوسری جانب شاریاں پاور ہاؤس،رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے،پاور ہاؤس شاریاں،پاور ہاؤس کھٹائی کی بندش کے باعث سیکروں علاقے تاریکی میں ڈوب گئے،بجلی بندش سے متعدد موبائل کمپنیز کی سروس بھی بند ہو گئی جس کے باعث ہزاروں عوام شدید مشکلات سے دوچار ہو کر رہ گئی ہے،دوسری طرف محکمہ موسمیات نے جہلم ویلی میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے،انتظامیہ نے ندی نالوں اور دریاؤں کے پاس رہنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی ہیں ،دریں اثناء محکمہ شاہرات عامہ جہلم ویلی کی جانب سے جاری پریس رہلیز میں کہا گیا ہے کہ حیدر بیلی برج چناری کی مرمتی پندرہ جولائی بروز منگل صبح سات بجے شروع کی جائے گی ،اس دوران حیدر بیلی برج پندرہ جولائی صبح سات بجے سے سولہ جولائی صبح سات بجے تک مکمل طور پر بند رہے گا ،گاڑیاں اور پیدل چلنے والے افراد نیلی ،سرائی ،گڑتھامہ بائی پاس روڈ اور کوٹلہ گوجربانڈی روڈ استعمال کریں۔

۔۔۔۔۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات