کل جماعتی حریت کانفرنس کا کل منائے جانے والے” یومِ شہدائے کشمیر“ کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے کل منائے جانے والے” یومِ شہدائے کشمیر“ کے سلسلے میں مظفرآباد میں مہاجرین مقبوضہ جموںوکشمیر کے رہنمائوں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اجلاس کی صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما سید یوسف نسیم نے کی۔

اجلاس میں تمام مہاجر کیمپوں کے صدور، نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران اور حریت قائدین نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاءنے 13 جولائی 1931 کے ان شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے سری نگر سینٹرل جیل کے باہر اذان دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا،یہ شہداءتحریکِ حریت کشمیر کی بنیاد بنے اور آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

(جاری ہے)

شرکاءنے اتفاق کیا کہ 13 جولائی کومظفر آباد میں نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کی جائے گی تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری اپنے شہداءکے عظیم مشن کی تکمیل تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے اور بھارتی تسلط سے آزادی تک جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری ظلم و جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری قیادت کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔

اس موقع پربھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے لوگوں ، بالخصوص نوجوانو ں سے اپیل کی کہ وہ کل کی ریلی میں بھر پور شرکت کریں۔اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ،سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، شیخ یعقوب ،عبدالمجید میر،منظور احمد شاہ ،سید گلشن احمد،نذیر کرناہی ،عزیر احمد غزالی ،محمد اقبال یسن،چوہدری مشتاق احمد ،گوہر کشمیری، فیروز الدین اور دیگر شریک تھے۔