پاکستانی اولمپئنز کا ہاکی ایشیا کپ بھارت سے دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:59

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)پاکستان کے ہاکی اولمپئنز توقیر ڈار اور خواجہ جنید نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ بھارت سے شفٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔لاس اینجلس اولمپکس 1984ء کے گولڈ میڈلسٹ ہاکی اولمپئن توقیر ڈار کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کی صورتِ حال ہے، بھارت نے ہمارا پانی بند کیا ہوا ہے، ہم کیسے سوچ سکتے ہیں کہ ہمارے کھلاڑی وہاں جائیں اور کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے کھلاڑی بھارت چلے بھی جاتے ہیں تو جو ماحول ان کو دیا جائے گا وہ ایک قید ہو گی قید میں کھلاڑی کیا پرفارم کریں گی اولمپئن توقیر ڈار نے کہا کہ ایشیا کپ کو نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنا ہوگا، اگر شفٹ نہیں کرنا تو پھر پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کرائیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اولمپئن خواجہ جنید نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے کے لیے حکومت جو فیصلہ کرے اس کے مطابق چلنا چاہیے، ہم اس وقت بھارت کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، جو اب صورتحال ہے وہ اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے نیوٹرل وینیو ہی ترجیح ہونی چاہیے، پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی طرح سخت موقف اپنانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ ایشیا کپ میں اپنے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کا مطالبہ کرے، اگر نیوٹرل وینیو کو نہیں مانا جاتا تو بھارت سے ایونٹ کو تبدیل کر دینا چاہیے۔