ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد میں سینئر رہنما سید امین الحق کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات کا اجلاس

مرکزی شعبہ اطلاعات تنظیمی سرگرمیوں کی میڈیاکوریج کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، سید امین الحق

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزبہادرآباد میں مرکزی شعبہ اطلاعات کا اجلاس سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق کی سربراہی میں منعقد ہوا، سید امین الحق نے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں تنظیمی سرگرمیوں کے بہترانداز میں پرچار اورپارٹی کے پیغام کو عوام تک موثر انداز میں پہنچانے کی حکمت عملی پر گفتگو کی، انکا کہنا تھا کہ میڈیا آج کے دور میں رائے عامہ کو ہموار کرنے اورمرکزی و صوبائی معاملات پر پالیسی سازی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے حق پرست اراکین قو می و صوبائی اسمبلی کو مرکزی و صوبائی سیاسی امور پر الیکڑانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے، اس سلسلے میں مرکزی شعبہ اطلاعات منتخب اراکین کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، ٹیکنالوجی کی جدت کے ساتھ تنظیم کے میڈیا ونگ کو ہم آہنگ کرنے کے لئے مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مرکزی شعبہ اطلاعات کے ذمہ داران، نیوزروم، فوٹو سیکشن، ویڈیو سیکشن اور میڈیا مانیٹرنگ کے اراکین بھی موجود تھے۔