وزیر اعلی سندھ کے مشیر کی سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو بڑھائے کی شدید مذمت

گیس کی لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے، غریب شہری مہنگائی کے اس دور میں ہوٹلوں سے کھانا لانے پر مجبور ہو گئے ہیں، عبدالجبار خان

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے خوراک عبدالجبار خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو بڑھائے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد کے عوام پہلے ہی مہنگائی، بھوک و بدحالی کا شکار ہیں اوپر سے حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے، غریب شہری مہنگائی کے اس دور میں ہوٹلوں سے کھانا لانے پر مجبور ہو گئے ہیں، لہذا فوری طورپر گیس کی قیمتوں میں کمی کر کے لوڈشیڈنگ کے دوانیے کو کم کیا جائے تاکہ گھروں میں موجود صارفین اور کمرشل بنیادوں پر گیس استعمال کرنے والے صارفین کو مشکلات سے نجات مل سکے، انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس یہ سب بنیادی ضروریات ہیں ان کی قیمتوںمیں اضافے کئے جانے سے ہر چیز کی قیمتوںمیں اضافہ ہوجاتا ہے، لہذا اس صورت حال کا حکومت فوری نوٹس لیتے ہوئے عوام کو زندہ رہنے کا حق دے کیونکہ مہنگائی کے ہاتھوں عوام پسے ہوئے ہیں اس سے سماجی جرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔