فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے فنانس بل 2025-26 ء میں شامل کالے قوانین کے خلاف بھر پور احتجاج کرنے کا فیصلہ

اتوار 13 جولائی 2025 11:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے فنانس بل 2025-26 ء میں شامل کالے قوانین کے خلاف بھر پور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم تاجر تنظیموں کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدرقیصر شمس گچھا نے آج تاجر تنظیموں کے مشترکہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ چیمبرز نے 5 اہم شقوں کے خلاف 19جولائی کو ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم تاجر برادری کے اتحاد کیلئے 37-Aاور 37-Bکے تحت ایف بی آر کو گرفتاری کے اختیارات دینے کے علاوہ دیگر سنگین سزاؤں والی دفعات کے خلاف ہیں لیکن ہڑتال کا حتمی فیصلہ مقامی تاجر تنظیموں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتکار اور ٹریڈرز کی کوئی تفریق نہیں کیونکہ نئے قانون کا اطلاق یکساں طور پر پوری بزنس کمیونٹی پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ چیمبرز نے صرف پانچ انتہائی سنگین شقوں کا ذکر کیا ہے جبکہ مجوزہ صوبائی لیبر قوانین میں مالکان کی گرفتاریوں کی خطرناک شقیں بھی شامل کی جا رہی ہیں اور وہ احتجاج کے دوران اپنے مطالبات میں ان کی واپسی کا بھی مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے خلاف بزنس کمیونٹی کا ردعمل حکومت کو پہنچ چکا ہے اور توقع ہے کہ وہ اس پر نظر ثانی کرے گی جس کی وجہ سے 19جولائی کو ہڑتال کی نوبت نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اُن کے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو بھر پور احتجاج کیا جائے گا جس کا مرکز فیصل آباد کا چوک گھنٹہ گھر ہوگا۔ جہاں تمام تنظیموں کی طرف سے مشترکہ احتجاج ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے تمام چیمبرز کے ساتھ ہیں اور اگرحکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے توبھرپورہڑتال کریں گے۔تاہم انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرے تاکہ معیشت کی بہتری کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے صحافیوں کے تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے جائز مطالبات کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ آخر میں نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل تاجر تنظیموں کے اجلاس میں فنانس بل کی مختلف دفعات پر کھل کر بحث ہوئی جس میں انجمن تاجران رجسٹرڈ کے خواجہ شاہد رزاق سکا، سپریم انجمن تاجران کے حاجی محمد اسلم بھلی اور انجمن تاجران الائیڈ گروپ کے تنویر ریاض، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے حاضر خان، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے عارف احسان ملک، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے انجینئر احتشام جاوید اور حبیب گجر، سابق چیئرمین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری محمد نواز، انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے رانا سکندر اعظم،سنٹرل وائس چیئرمین اپٹپما میاں آفتاب، فونڈری ایسوسی ایشن کے حاجی محمد عطاء اللہ، چیئرمین فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ مزمل سلطان، سوتر منڈی کے چیئرمین طاہر طیب اور کلاتھ بورڈ کے سلطان بٹ نے بھی خطاب کیا اور اپنے اپنے موقف کی وضاحت کی۔