سلیکشن کمیٹی نے المیزان فائونڈیشن کے سیکرٹری کےلئے ضیا الرحمن کی تعیناتی کی منظوری دے دی

اتوار 13 جولائی 2025 12:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) سلیکشن کمیٹی نے المیزان فائونڈیشن کے سیکرٹری کےلئے ضیا الرحمن کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی نے المیزان فائونڈیشن کے سیکرٹری کی تقرری کےلئے گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں انٹرویوز کئے ۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے کمیٹی کا تقرر کیا تھا تاکہ المیزان فائونڈیشن نے بطور سیکرٹری تقرری کےلئے کسی اہل جوڈیشل آفیسر کو تلاش کیا جاسکے۔ کمیٹی نے ہر ہائیکورٹ کی جانب سے نامزد کئے گئے امیدواروں کی پیشہ وارانہ اہلیت ، انتظامی تجربہ اور ویلفیئر کی خدمات کے حوالے سے ان کی اہلیتوں کی جانچ کےلئے تفصیلی انٹرویوز کئے ۔

(جاری ہے)

انٹرویو کے بعد کمیٹی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضیا الرحمن کی بطور سیکرٹری المیزان فائونڈیشن تقرری کی سفارش کی ہے۔ واضح رہے کہ المیزان فائونڈیشن پاکستان عدلیہ کے حاضر سروس اور ریٹائر ہو جانے والے اراکین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کےلئے قائم کیا گیا فلاحی ادارہ ہے جو چیف جسٹس آف پاکستان اور ہائیکورٹس و وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹسز پر مشتمل بورڈ کے زیر نگرانی خدمات فراہم کرتا ہے۔ المیزان فائونڈیشن جوڈیشل ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مالی معاونت ، علاج معالجہ اور تعلیم وغیرہ کے حوالے سے فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔